امریکہ کی ترکیہ کو روس سے تعلقات رکھنے پر پابندی کی دھمکی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے روس سے تجارتی تعلقات کی صورت میں ترکیہ پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے ترکیہ کی بڑی کاروباری شخصیات اور اداروں سے رابطہ کیا گیا اور روس سے تجارت کرنے پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی گئی۔
ترکیہ کی کاروباری شخصیات نے امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے رابطہ کرنے کی تصدیق کر دی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن نے ایک ملاقات کے دوران دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔
ترکیہ کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روس اور ترکیہ کے درمیان تجارت میں مئی اور جولائی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
امریکی ڈپٹی وزیرخزانہ نے جون میں ترکیہ کے دورے کے دوران روس سے تجارتی روابط رکھنے پر پابندیاں لگانے سے متعلق بھی خبردار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں