آزاد کشمیر کے صدر ،وزیراعظم اور سپیکر کا عہدہ کسے ملے گا ؟ ریاستی انتخابات سے پہلے ہی بڑی خبر آ گئی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)آزاد کشمیر میں انتخابات کی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے،پاکستان  تحریک انصاف،مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس سمیت دیگر جماعتیں اپنے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہیں جبکہ حلقہ جاتی سیاست اور کارنرمیٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے،تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما اور وزیراعظم کے متوقع امیدوار سردار تنویر الیاس خان دوسری سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی وکٹیں اڑانے میں مصروف ہیں جبکہ وزیراعظمعمران خان نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے صدر ، وزیرِ اعظم اور سپیکر کی نامزدگی کا فیصلہ الیکشن کے بعد وہ خود کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور، سینیٹر سیف اللّہ نیازی، عامر محمود کیانی اور معاونِ خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب سردار تنویر الیاس نے تفصیلی ملاقات کی ہے،اس ملاقات میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اورحال ہی میں دریائے پتن کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سردار صغیر چغتائی مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔اجلاس میں آئندہ کشمیر الیکشن پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور حلقوں میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے صدر، وزیرِ اعظم اور سپیکر کی نامزدگی کا فیصلہ الیکشن کے بعد وزیرِ اعظم خود کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں