مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجی اغواء، جلی ہوئی کار مل گئی

سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فوج کے اہلکار کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج کے اہلکار کو اس وقت اغوا کرلیا گیا جب وہ اپنی کار میں گھر جا رہے تھے۔ بعد ازاں اغوا کاروں نے بھارتی اہلکار کی کار کو نذر آتش کردیا۔

بھارتی فوج کے اہلکار کی تلاش میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ضلع کلگام سے جلی ہوئی کار مل گئی تاہم مغوی اہلکار تاحال لاپتہ ہے۔ بھارتی حکام نے لاپتہ ہونے والے بھارتی اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس 5 اگست کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا گیا ہے اور قدم قدم پر بھارتی فوج کے اہلکار تعینات ہیں ، اس کے باوجود بھارتی فوج کے حاضر سروس اہلکار کا اغوا ہوجانا حیران کن امر بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں