حکومت آزادکشمیرنے مختلف تحصیلوں میں واٹرسپلائی سکیموں کے منصوبوں کی منظوری دیکرعوام کے دل جیت لیے،راجہ شفیق پلاھلوی

لوٹن ( بیورو رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز کے چیئرمین راجہ شفیق پلاھلوی نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے مختلف تحصیلوں میں واٹر سپلائی اسکیموں کے منصوبوں کی منظوری دے کر اچھا قدم اٹھایا ہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر ، وزیر فزیکل و پبلک ہیلتھ چوہدری طارق فاروق نے بلا تخصیص،بلا امتیاز اور بغیر کسی سیاسی سفارش کے کروڑوں مالیت کے منصوبے منطور کر کے ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک عوامی حکومت ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لئے بلا تخصیص کردار ادا کررہی ہے ۔چڑہوئی شہر ، سماہنی ، ڈڈیال ، بلوچ اور دیگر جن تحصیلوں میں گریٹر واٹر سپلائی کی ضرورت تھی وہاں بغیر کسی تخصیص منصوبے دے کر عوام کے دل جیت لئے ہیں ۔حکومتی منصوبوں کو بغیر کسی سفارش اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے منظور کیا گیا ہے جس کا کریڈٹ صرف اور صرف وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ آزادکشمیر میں اس سے قبل مختلف ادوار میں اضلاع و تحصیلوں میں گریٹر واٹر سپلائی تعمیر ہوئی لیکن کئی تحصیلیں ان منصوبوں سے محروم رہیں ۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن حکومت قائم ہوتے ہی ترقیاتی کاموں کو سیاسی سفارشوں اور سیاسی رشوت کی بجائے عوامی ضرورت کے تحت سر انجام دینے کا اعلان کیا تھا اور اسی تناظر میں حکومت نے پالیسیاں بھی بنائیں گئیں ۔بین الاضلاعی اور مین سڑکوں کی جدید معیار کے مطابق تعمیر کے بعد اب چڑہوئی ، بلوچ ، سماہنی ، ڈڈیال اور دیگر تحصیلوں میں بیک وقت گریٹر واٹر سپلائی اور دیگر بڑے منصوبے منظور کر کے آزاد کشمیر کی عوام کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز کے چیئرمین راجہ شفیق پلاھلوی نے اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل قومی وسائل اور عوامی منصوبوں کو سیاسی سفارشوں اور سیاسی ضرورتوں کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا ۔ موجودہ دور میں بھی کوشش کی گئی کہ منصوبوں کی بنیاد پر عوام کو بے وقوف بنایا جائے اور اسے عوام کے سامنے سیاسی کریڈٹ کے طور پر استعمال کیا جائے لیکن موجودہ حکومت نے ترقیاتی کاموں کو علاقوں کی ضرورت اور ریاست کی ترقی کی بنیاد پر سر انجام دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چڑہوئی اوردیگر تحصیلوں میں گریٹر واٹر سپلائی کی منظوری پر عوام وزیر اعظم اور سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کے شکر گزار ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں