مسلم لیگ ن نے حلقہ چڑہوئی میں پسندو نا پسندکے جوبیج بوئے انکاناقابل تلافی نقصان ہوگا،راجہ شفیق پلاھلوی

لوٹن (اے جے کے نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیراوورسیز کے چیئرمین و میڈیا ایڈوائزر راجہ شفیق پلاھلوی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں جماعتی کارکنان اور ووٹرز ہی اپنے مسائل حل نہ کرا سکے ۔ پسند و ناپسند کی پالیسی نے حلقہ چڑہوئی میں جو بیج بوئے ہیں ان کاناقابل تلافی نقصان ہوگا ۔ آج بھی وقت ہے کہ پالیسی تبدیل کر کے بلا تفریق ہر ووٹر کے اعتماد پر پور اترتے ہوئے کام کیا جائے ۔ میں نے ہر بار کارکنوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی اور جہاں جہاں کارکنوں کی حق تلفی ہوئی وہاں میں نے علم بلند کیا ہے ۔ کارکنوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ یوتھ کے نوجوان اور کارکنان نے جس بے مثال طریقہ سے جماعت کی کامیابی کے لئے کام کیا ہے اس کا صلہ کارکنوں کو دینے میں ناکام رہے ۔ جماعتی کارکنان اور محنت کرنے والے جوان ہی جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ اگر انہی کارکنان اور محنت کرنے والے سپورٹرز کو نظر انداز کیا گیا تو پھر جماعت کی کامیابی محض ایک خواب رہے گا اور اس کی ذمہ دار حلقہ کی لیڈرشپ ہو گی ۔ گذشتہ ساڑھے تین سال میں ہونے والی غلطیوں اور کوتائیوں کو دور نہ کیا گیا ۔ حلقہ کے امیدوار راجہ اقبال خان کے دورہ برطانیہ کے دوران میں نے ایک نہیں دو بار تفصیل سے ملاقات کی اور مسائل اور غلطیوں کی طرف توجہ دلائی اور راجہ اقبال خان نے بھی ہماری باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے ان کے ازالے کے لئے وعدہ کیا لیکن کسی ازالے کے بجائے حلقہ میں وہی صورتحال جاری ہے ۔ جن سپورٹرز کی محنتوں ، کاوشوں اور یقین دہانیوں کے کہنے پرلوگوں نے ووٹ دیئے وہ اب انہی سپورٹرز کو مسائل کے حل کے لئے بار بار رابطہ کر رہے ہیں لیکن ان سپورٹرز کی بھی باتوں پر توجہ نہیں دی جا رہی ۔ راجہ شفیق پلاھلوی نے کہا کہ میں ذاتی طور پر حلقہ کے ہر ایک کارکنان اور لیڈر کا احترام کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا ۔ میرے لئے حلقہ میں راجہ ریاست خان، راجہ منور خان، راجہ نعیم منصفداد،اور دیگر قابل احترام ہیں ۔ انشاء اللہ آنے والے وقت اور الیکشن میں اپنی سابقہ غلطیوں کا ازالہ کروں گا اور کارکنوں کے حقوق اور جماعت کے مفاد کے لئے ہی اقدام اٹھائے جائیں گے ۔ کسی کی ذات کے لئے کام کرنے کے بجائے کارکنان کے حقوق کے لئے ہر سطح پر بغیر کسی خوف و لالچ کے لئے آواز بلند کروں گا ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیراوورسیز کے چیئرمین و میڈیا ایڈوائزر راجہ شفیق پلاھلوی نے حلقہ چڑہوئی کی صورتحال پر خصوصی بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے میدان میں اترنے کا فیصلہ کر سکتا ہوں یہ ہر کارکنان کا حق ہے ۔ حلقہ میں ہر کسی کو الیکشن لڑنے کا حق ہے اورکوئی اس سے یہ حق چھین نہیں سکتا ۔ ہم کسی بھی طرح کی موروثی سیاست کے حق میں نہیں ہیں اور نہ ہی حلقہ چڑہوئی میں اس کی گنجائش ہے ۔ اگر موجودہ قیادت و نمائندے پر اتفاق رائے نہیں ہے تو پھر کسی نئے فردکے لئے مشاورت کے ساتھ فیصلہ ہونا چایئے تھا ۔ راجہ شفیق پلاھلوی نے مزید کہا کہ میرا شروع دن سے یہی مؤقف رہا ہے کہ حلقہ کی ہر یونین کونسل میں برابری کی بنیاد پر کام کئے جائیں جن سے یہ تاثر جائے کہ مسلم لیگ ن میں کسی قسم کی پسند و ناپسند نہیں ہے ۔ ہر برادری اور ہر قبیلہ، علاقہ کے لوگوں نے جس طرح مسلم لیگ ن کو سپورٹ کی اور ووٹ دئیے تھے اس کے پیچھے ہر کارکن اور سپورٹرز کی دن رات محنتوں کا نتیجہ ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ میں آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہوں کہ کارکنوں کی عزت اور وقار میں اضافہ کیا جائے اور مخصوص اور پسند و ناپسند کی بجائے بلا تخصیص کارکنوں کے کام کئے جائیں ۔ ترقیاتی کاموں میں بھی ہر یونین کونسل میں برابری کی بنیاد پر توجہ دی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں