امریکی صدر کے بعد ایک اور ملک نے مسئلہ کشمیر ثالثی کی پیشکش کردی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، ایجنسیاں )امریکی صدر کے بعد ناروے نے مسئلہ کشمیرپر ثالثی کی پیشکش  کردی  ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک اور ناروے کے وزرائے خارجہ کو ٹیلی فو ن کیا اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ ڈنمارک کے ہم منصب جیب کوفوڈ سے گفتگومیں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت نے کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے غیر آئینی اقدام کیا اور رد عمل دبانے کیلئے 5 اگست سے کرفیو کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کر رکھا ہے، بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔ ڈنمارک نہتے کشمیریوں کی مشکلات میں کمی اور کرفیوکے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، اس موقع پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، دونوں ملک علاقائی کشیدگی سے بچنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنائیں،جبکہ ناروے کے ہم منصب اینہ اریکسون کو ٹیلی فون کر کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ ناروے کی وزیر خارجہ نے فریقین کے مابین مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے پرْ امن حل کی جانب پیشرفت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اورکہا خطے میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا مستقل حل ضروری ہے، پاک، بھارت آمادہ ہوں تو ناروے مصالحتی کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ شا ہ محمود قریشی نے کہا اس وقت مقبوضہ کشمیر میں 9لاکھ سے زائدبھارتی فوج موجود ہے،5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذہے، خورا ک اور ادویات تک میسر نہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل نے اس بات کا نوٹس لیا ہے،ہم ہمیشہ سے مذاکرات کیلئے تیار تھے اور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوتا جا رہاہے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے قرار دادوں کے یکساں منافی ہیں۔دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کے ہم منصب سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خا تمے سمیت کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کے وزیر خارجہ مارسل آمون تاانو سے دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیااور کہا پاکستان، آئیوری کوسٹ کو مغربی افریقہ کا اہم ملک سمجھتا ہے، ہمیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے یکطرفہ انسانیت سوز اقدامات کے بعد ایک اور انسانی المیہ رونما ہوتا دکھائی دے رہا ہے، اس صورتحال میں آئیوری کوسٹ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے۔وزیر خارجہ آئیوری کوسٹ کا کہنا تھا ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے سکیورٹی کونسل کے رکن ہونے کے ناطے اپنے تعاون کا عندیہ بھی دیا،اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی نے سویڈش وزیر خارجہ مارگوٹ وال سٹروم سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کیساتھ مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال سمیت خطے میں امن وامان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور کہا بھارتی اقدامات نے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے، بھارت کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں یکطرفہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں