کشمیریوں کےساتھ اظہاریکجہتی کیلئے پاکستان سے کونسی سیاسی شخصیات مظفر آباد میں نمازعیداداکرینگی

مظفرآباد(اے جے کے نیوز) دارالحکومت مظفرآباد میں عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ میں منعقد ہوگا ۔ نماز عید ٹھیک 8;00بجے ادا کی جائے گی ۔ صدر ریاست ،وزیراعظم،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ،پیپلزپارٹی کے قائد بلاول بھٹو زرداری ،چیف جسٹس سپریم کورٹ وہائی کورٹ کی آمد متوقع ،وزراء کرام صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ محمد سلیم چشتی سمیت عمائدین شہر بڑی تعداد میں مرکزی عیدگاہ میں نماز عید ادا کریں گے ۔ نماز عید کے بعد مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جائے گی ۔ مرکزی عید گاہ میں اجتماع عید کے حوالے سے تمام ترانتظامات اور سیکیورٹی کو فول پروف بنایاگیا ہے ۔ مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق رضا کے مطابق مرکزی عید گاہ میں حسب سابق مرکزی سیرت کمیٹی نے اجتماع عید کے حوالے سے تمام انتطامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی سیرت کمیٹی امسال یوم عید الاضحی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا رہی ہے اس سلسلہ میں نما ز عید کے بعد ایک بڑی یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدخان سمیت مختلف سیاسی ،سماجی رہنما اور علماء کرام کریں گے ۔ مرکزی عید گاہ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی جانب سے دفعہ 370اور 35اے کے خاتمہ کے خلاف مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی عید گاہ میں 20ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش موجود ہے اور صحن اور ملحقہ احاطہ کو ملا کر 30ہزار سے زائد افراد نماز اد ا کر سکیں گے ۔ اس حوالے سے میونسپل کارپوریشن اوردیگر اداروں کے اہلکار صفائی ستھرائی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے پلان مکمل کر لیا ہے ۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں