برطانیہ،بیوی کوعاشق کیساتھ رنگے ہاتھوں پکڑنے والے شوہرنے خود کشی کرلی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک 40سالہ شخص نے اپنی بیوی کو اپنے ملازم کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی علاقے ڈیوون کے شہر ساﺅتھ مولٹن کا رہائشی رچرڈ وولاکوٹ نامی یہ شخص گھوڑوں کو ٹریننگ دیتا تھا اور اس کے ماتحت کئی جوکی (گھڑ سوار)کام کرتے تھے۔ اس کی اہلیہ کیلی نے ان میں سے ایک جوکی کے ساتھ تعلقات استوار کر لیے۔

رچرڈ وولا کورٹ نے جنوری 2008ءمیں اپنے گھر میں پھندہ لے کر خودکشی کی تھی۔ اس مقدمے کی تحقیقات میں اب جا کر یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کی خودکشی کی وجہ اس کی بیوی کا ایک جوکی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ دسمبر 2017ءمیں رچرڈ نے اپنی بیوی کے موبائل فون میں اس جوکی کے قابل اعتراض پیغامات دیکھے، جن میں سے ایک یہ تھا کہ ”میں تمہارے کپڑے پھاڑ کر اتاروں گا۔“

رچرڈ کی بہن میری وولا کوٹ نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ ”بیوی کے فون میں جوکی کے یہ پیغامات پڑھنے کے بعد جب رچرڈ نے اس سے اس بابت پوچھا تو کیلی نے اسے یقین دلایا کہ اب ان کا معاشقہ ختم ہو چکا ہے اور اب ان کے درمیان ایسا کچھ نہیں ہے۔ اس سے اگلے ہفتے کرسمس آیا اور کرسمس پر اس جوکی اور کیلی کے درمیان نئے پیغامات کا تبادلہ ہوا اور وہ میسج بھی رچرڈ نے پڑھ لیے۔“

میری وولاکوٹ کے مطابق اس کے دو روز بعد رچرڈ نے کیلی کو فارم پر اس جوکی کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، اس کے بعد رچرڈ بہت دلبرداشتہ تھا، وہ روتا تھا ور چیختا چلاتا تھا۔ ان دنوں میں رچرڈ کا کیلی کے ساتھ کئی بار جھگڑا بھی ہوا اور20جنوری کو اس کی لاش اس کے بیڈروم میں پھندے سے جھولتی ہوئی ملی۔اس کی خودکشی سے کچھ ہی دیر قبل بھی دونوں کی لڑائی ہوئی تھی اور کیلی اس پر چلا رہی تھی اور کہہ رہی تھی کہ بیکار شخص ہو۔

کیلی نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ ”میں اور رچرڈ 2008ءمیں ملے تھے۔ ہم دونوں کو گھوڑوں کو ٹریننگ دینے کا شوق تھا چنانچہ ہم اکٹھے رہنے لگے اور 2013ءمیں شادی کر لی۔ رچرڈ کی موت سے 6ماہ قبل میں بہت ناخوش رہنے لگی تھی اور اس کی وجہ ہم دونوں پر کام کا دباﺅ تھا۔ ہم کئی کئی دن مل نہیں پاتے تھے اور میرے خیال میں وہ جانتا تھا کہ اب ہمارے درمیان وہ محبت نہیں رہی تھی۔ اس دوران وہ جوکی میری زندگی میں آ گیا۔“

رپورٹ کے مطابق رچرڈ نے خودکشی سے قبل اپنی بیوی کے نام ایک خط بھی لکھا جو اس کے کمرے سے برآمد ہوا۔ اس خط میں رچرڈ نے کیلی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ”میں تم سے اور ہماری بیٹی بیلا سے بہت محبت کرتا ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ تم دونوں ہمیشہ بہت خوش رہو۔“رچرڈ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے والی ڈاکٹر ایلیسن لانگ ہارن کا کہنا تھا کہ ”رچرڈ خودکشی سے قبل کئی ماہ پہلے سے ڈپریشن کا شکار ہو چکا تھا اور اپنی بیوی سے اس کی قربت نہیں رہی تھی۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں