ضلع میرپوراورضلع کوٹلی سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزمان دھماکہ خیزموادسمیت گرفتار

میرپور(اے جے کے نیوز)موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر قومی سطح پر تخریب کار عناصر کے خلاف جاری اپریشن ردالفساد کے سلسلہ مں ضلع پولیس میرپور نے ملکی سلامتی کیلئے معروف عمل ذمہ دار اداروں کے تعاون سے ضلع میرپور کے داخلی راستوں پر جاری سرچ اپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 4ارکان ناجائز اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے ہمراہ گرفتار کرلئے، ایس ایس پی میرپور سید ریاض حیدر بخاری کے آفس سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ضلع پولیس میرپور نے ضلع بھر کے داخلی راستوں پر ملکی صورتحال کے پیش نظر سماج دشمن اورتخریب کار عناصر کے خلاف قومی سطح پر جاری اپریشن ردالفساد کے تسلسل اورنیشنل ایکشن پروگرام کے تحت ضلع میرپور کے ایک انٹری پوائنٹ پر ملک سلامی سے متعلق اداروں کے تعاون سے دوران سرچ اپریشن ایک کالعدم تنطیم سے تعلق رکھنے والے شہزاد احمد ولد محمد نثار اور محمد شمریز ممتاز ولد ممتاز خان سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اوران سے ناجائز اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا ہے مختلف تھانوں میں ابتدائی تفتیش کے دوران 4 ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ وہ ماضی میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا حصہ رہے ہیں دوران تفتیش چاروں ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے، ایس ایس پی میرپور نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلع میرپور ایک پر امن خطہ ہے یہاں انٹری پوائنٹس پر ملکی صورتحال کے پیش نظر پولیس نے فول پروف سکیورٹی انتظامات کر رکھے ہیں اور نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت بھی ملک دشمن و تخریب کار عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے بھی قانون کے مطابق ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، ایس ایس پی میرپور ریاض حیدر بخاری نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص کی سرگرمی کی اطلاع پر فوری طور پر مقامی پولیس کو آگاہ کریں ۔

کوٹلی(اے جے کے نیوز)خواجہ عبدالقیوم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کوٹلی نے اپنے آفس سے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر کوٹلی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ کوٹلی میں ماضی میں بھی دہشت گردی اور تخریب کاری کی منصوبہ بندی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں اس وقت پورے ملک میں اپریشن رد الفساد بھی جاری ہے۔ کوٹلی میں بھی خفیہ اداروں کے تعاون سے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ایک آپریشن کے دوران کوٹلی سٹی کی حدود سے مجرم اشتہاری وقاص سلیم ولد محمد سلیم ساکن میرپور کو خفیہ اداروں کی نشاندہی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس مجرم اشتہاری کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے پایا جاتا ہے جو سال 2016 سے تھانہ کوٹلی کے مقدمہ میں مجرم اشتہاری تھا۔ پولیس لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ کوٹلی پر امن خطہ ہے یہاں کسی قسم کی ملک دشمن یا خلاف قانون سرگرمی قابل قبول نہ ہوگی۔ عوام سے اپیل ہے اپنے گرد و نواح میں نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ملنے پر فوری پولیس کو مطلع کریں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں