751

آزادکشمیرکے اہم علاقہ سے دوافراد ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے،ملزمان گرفتار

 میرپور(اے جے کے نیوز) ایس ایس پی سید ریاض حیدربخاری نے کہاہے کہ موجودہ ملکی حالات کومدنظررکھتے ہوئے اور آئی جی پولیس آزادکشمیرکی ہدایات پرضلع بھرمیں سکیورٹی سسٹم کوفول پروف بنایاگیاہے۔ضلع بھرمیں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پولیس اپریشن کررہی ہے۔ اس سلسلے میں معتبرذرائع سے موصولہ اطلاعات پرتھانہ اسلام گڑھ کی حدود میں پولیس نے اپریشن کرکے دومشکوک افراد کوگرفتار کرلیاہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہواہے کہ یہ دونوں افراد ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں اور سابقہ عرصہ میں ان کاتعلق کالعدم تنظیموں سے بھی رہاہے۔ ملزمان سے مزیدتفتیش جاری ہے۔ 
ایس ایس پی سید ریاض حیدربخاری نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات کے تناظرمیں پولیس نے جہاں جرائم پیشہ افراد کے خلاف دائرہ تنگ کردیاہے وہاں سکیورٹی سسٹم کوبھی بہتربنایاگیاہے ۔مشکوک سرگرمیوں پربھی نظررکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع بھرکے تمام داخلی وخارجی راستوں پرپولیس کی سخت پڑتال جاری ہے ۔اس سلسلے میں حساس اداروں سے بھی معاونت حاصل کی جارہی ہے۔انھوں نے عوام الناس سے کہاکہ وہ موجودہ ملکی کشیدہ حالات کے پیش نظراپنے آس پاس نظررکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی میں ملوث افراد کی اطلاع قریبی تھانے،ایس ایس پی آفس یا15 پردیں تاکہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کوکیفرکردار تک پہنچایاجائے۔ انھوں نے کہاکہ اس وقت ہماری مسلح افواج کوقوم کے تعاون کی ضرورت ہے۔ قوم اپنے آس پاس کے ماحول پرنظررکھے اور ایک ذمہ دار شہری کے طور پراپنی ذمہ داریاں پوری کرے ،ہماری ذمہ داریاں قیام امن میں اہم کرداراداکرسکتی ہیں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں