355

شادی کی تقریب میں دلہن کاایسامذاق کہ بھری محفل میں شوہرنے تھپڑدے مارا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شادی بیاہ میں ہنسی مذاق خوشی کو دوبالا کر دیتا ہے لیکن دولہا میاں کا موڈ اگر ٹھیک نہ ہو تو اس کے ساتھ مذاق ایسی سنگین صورت بھی اختیار کر سکتا ہے جس طرح اس ایک شادی میں ہوا۔ میل آن لائن کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت وائرل ہو رہی ہے جس میں دولہا دلہن کی ایک دوسرے کو شادی کا کیک کھلانے کی رسم ہو رہی ہوتی ہے۔ دولہا تو دلہن کو کیک کھلا دیتا ہے لیکن دلہن جب دولہا کو کیک کھلانے لگتی ہے تو اسے شرارت سوجھتی ہے اور وہ بار بار کیک دولہا کے منہ کے قریب لیجا کر واپس ہٹا لیتی ہے۔

دلہن کی اس حرکت پر دولہا، جو چہرے سے پہلے ہی بیزار لگ رہا ہوتا ہے، اس کے منہ پر ایک تھپڑ رسید کر دیتا ہے، جس سے دلہن گرتے گرتے سنبھلتی ہے اور پیچھے موجود کرسی پر بیٹھ جاتی ہے۔ معاملے کی سنگینی دیکھ کر ایک خاتون آگے بڑھتی ہے اور دلہن کو سنبھالتی ہے جبکہ ایک خاتون کیک سے لتھڑا ہاتھ صاف کرنے کے لیے دلہن کو ٹشو پیش کرتی ہے۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ویڈیو کس ملک کی ہے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کسی وسطی ایشیائی ملک کی ویڈیو ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین اس تندخو دولہا کے خوب لتے لے رہے ہیں۔ ایک شخص نے ویڈیو کے نیچے کمنٹس میں لکھا ہے کہ ”امید ہے کہ اس لڑکی نے شادی یہیں ختم کر دی ہو گی۔“ایک اور آدمی نے لکھا کہ ”اس شخص کو انسانی حقوق کا سبق سکھایا جانا چاہیے اور دلہن کو چاہیے کہ اس سے ابھی طلاق لے لے۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں