307

دنیا کا ایسا عجیب ہوٹل جہاں جوڑے صرف طلاق کیلئے جاتے ہیں

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک ) مہنگے اور پرآسائش ہوٹلوں کا استعمال لوگ عموما سیر و سیاحت کے دوران تفریحی مقاصد کے لئے کرتے ہیں مگر امریکہ میں ایک ایسا منفرد ہوٹل قائم کر دیا گیا ہے جہاں شادی شدہ جوڑے صرف طلاق کے لئے جاتے ہیں۔ ویب سائٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو این کی رپورٹ کے مطابق طلاق ہوٹل کے نام سے قائم کئے گئے اس خصوصی ہوٹل کا رخ وہ جوڑے کرتے ہیں جو اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر چکے ہوتے ہیں۔ وہ یہاں آتے ہیں تو میاں بیوی ہوتے ہیں لیکن جب جاتے ہیں تو ایک دوسرے کے لئے اجنبی بن چکے ہوتے ہیں۔ ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ پراجیکٹ بہت سوچ بچار کے بعد شروع کیا گیا۔ ہوٹل کے منیجر نے بتایا کہ اکثر جوڑوں کے لئے طلاق زندگی کا تلخ ترین تجربہ ثابت ہوتا ہے جس کے دوران کئی طرح کے جھگڑے اور کشیدگی پیدا ہو جاتی ہے۔ اس ہوٹل کا مقصد طلاق کے خواہاں میاں بیوی کو ایک ایسی جگہ فراہم کرنا ہے کہ جو دونوں کے لئے غیر جانبدار ہو اور جہاں وہ ہر قسم کے دبا سے آزاد ہو کر اس اہم معاملے کو پرسکون انداز میں نمٹا سکیں۔ ہوٹل میں ثالث اور وکیل کی سہولت بھی دستیاب ہے جو یہاں آنے والے جوڑوں کو اپنی ماہرانہ خدمات فراہم کرتے ہیں اور عموما دو دن میں ہی خوش اسلوبی سے طلاق کروا دیتے ہیں۔ ہوٹل میں قیام کرنے والے جوڑے کو قانونی مشاورت فراہم کی جاتی ہے اور مشترکہ جائیداد اور اثاثوں کی تقسیم کا مسئلہ بھی حل کروایا جاتا ہے۔ ہوٹل انتظامیہ طلاق کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی افسوسناک، غیر متوقع یا غم ناک صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی ہر ضروری مدد اور سہارا فراہم کرتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ہوٹل غیر متوقع حد تک مقبول ہو رہا ہے۔ اس کی ایک شاخ نیدر لینڈز میں پہلے ہی کام کر رہی ہے، دوسری شاخ نیویارک میں کھولی گئی ہے جبکہ مزید ایک شاخ لاس اینجلس میں کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں