دودھ پلائی کی رسم پردولہن کے گھروالوں نے کم رقم دینے پردولہاکی پٹائی کردی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ہماری روایتی شادیوں میں کئی طرح کی رنگارنگ رسومات ہوتی ہیں جو شادی کی خوشی کو دوچند کر دیتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں لاہور کے نواحی گاﺅں مراکہ میں دودھ پلائی کی رسم پر ایسا فساد برپا ہوا کہ شادی کی تقریب میدان جنگ بن گئی اور دلہن کے گھر والوں نے مار مار کر دولہا کا حشر نشر کر دیا۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق ندیم نامی دولہا اپنی بانو نامی دلہن بیاہنے بارات لے کر مراکہ گاﺅں پہنچا جہاں اس کی سالیوں اور لڑکی کی سہیلیوں نے 2ہزار روپے دودھ پلائی مانگ لی۔ ندیم نے انہیں ایک ہزار روپے دیئے تاہم وہ دو ہزار لینے پر بضد رہیں۔ اس پر دولہا اور دلہن والوں کی لڑائی ہو گئی اور لڑکی کے گھر والوں نے مار مار کر ندیم کے کپڑے پھاڑ ڈالے۔صرف ایک ہزار روپے پر شروع ہونے والی یہ لڑائی پولیس کی مداخلت پر ختم ہوئی، جس نے آ کر دولہا کی جان بخشی کروائی۔ یوں ایک ہزار روپے کے لیے دولہا دلہن کی تمام خوشیاں غارت گئیں اور دولہا دلہن کے بغیر ہی بارات واپس لے کر چلا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں