جشن آزادی کے موقع پرمقبوضہ کشمیرسے بھی اہل پاکستان کومبارکبادیں،پاکستان کی بنیاداسلامی اورنظریاتی بنیادوں پرپڑی ہے،بشیراحمدطوطا،محمدمقبول صوفی

سرینگر(www.dailyajknews.com) جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین ایڈووکیٹ بشیر احمد طوطا اور لیگ کے سینئر رہنما محمد مقبول صوفی نے پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی عوام اور عالم اسلام کو تہنیت ومبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا وجود عالم اسلام کے برسوں کے خوابوں، آرزوؤں، اور تمناؤں کا مسکن اور باعثِ تسکیں و راحت کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے لئے ایک لیڈنگ رول کے حیثیت سے اپنے آپ کو ثابت کرنے میں کامیاب وبامراد رہا ہے اور جب بھی عالم اسلام کو کوئی سنجیدہ مسئلہ درپیش آتا ہے تو عالم اسلام کی نگاہیں ہمیشہ اُس پاکستان کی طرف اُٹھتی ہیں جس کی بنیاد 14 اگست 1947ء کو اسلامی اور نظریاتی بنیادوں پر پڑی ہے، چونکہ پیپلز لیگ بھی ایک کانسٹیوشنل تنظیم ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نظریاتی تنظیم ہے اِس مناسبت سے “نظریہ پاکستان” سے ایک قلبی تعلق ووابستگی ہونا ایک لازمی اور جُزلاینفک ہے، پیپلز لیگ یہ آرزو و اُمید کرتی ہے کہ پاکستان عالمگیر امن، بھائی چارگی اور ظلم و تشدد سے پاک عالمی دنیا کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے، پیپلز لیگ یہ اُمید کرتی ہے کہ ہمارا یہ محسن ملک جس طرح ماضی و حال میں ہماری “حق خود ارادیت” کی تحریک کو اخلاقی وسفارتی مدد واعانت کرتے آئے ہیں اُس میں مزید اضافہ یکسوئی اور سنجیدگی لائی جائے، پیپلز لیگ دعا گو ہے کہ عرض پاک کو ہر آزمائش کا مقابلہ کرنے اور سرخرو ہونے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہر پاکستانی خوشحال اور خُدا رُخی شب و روز گزارنے کا اہل قرار پائے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں