دنیامیں سب سے زیادہ نومولودبچوں کی اموات کس ملک میں ہیں؟پاکستان کاکتنانمبرہے؟

(www.dailyajknews.com) اقوامِ متحدہ کے ادارے کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں پاکستان میں نومولود بچوں کی اموات کے لحاظ سے سب سے خطرناک ملک ہے جبکہ اس فہرست میں شامل دس بدترین ممالک میں سے دو جنوبی ایشیا اور آٹھ افریقہ میں صحرائے صحارا کے زیریں علاقے میں واقع ہیں۔ یونیسف کی رپورٹ کے مطابق غریب ممالک میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح میں کمی لانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ اگرچہ دنیا میں گذشتہ 25 برس میں پانچ برس سے کم عمر کے بچوں کی موت کی تعداد میں پچاس فیصد کمی ہوئی ہے تاہم ایک ماہ سے کم عمر کے بچوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچانے کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔ دنیا میں پاکستان، افغانستان اور سنٹرل افریقن رپبلک وہ تین ممالک ہیں جہاں نوزائیدہ بچوں کے زندہ رہنے کے امکانات سب سے کم ہیں جبکہ اس کے برعکس جاپان، سنگاپور اور آئس لینڈ میں پیدا ہونے والے بچے اس معاملے میں سب سے زیادہ خوش قسمت ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 2016 کے اعدادوشمار کے مطابق ہر ایک ہزار میں سے 46 یعنی ہر 22 بچوں میں سے ایک پیدائش کے پہلے ہی ماہ میں ہلاک ہوا جبکہ سنٹرل افریقن رپبلک میں یہ شرح 24 میں ایک جبکہ افغانستان میں 25 میں ایک رہی۔ رپورٹ کے مطابق 2016 میں پاکستان میں ایک برس کے دوران دو لاکھ 48 ہزار نومولود بچے ہلاک ہوئے جو کہ دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے بچوں کا دس فیصد تھے۔ اس کے برعکس جاپان میں ہر ایک ہزار ایک سو گیارہ، آئس لینڈ میں ہر ایک ہزار جبکہ سنگاپور میں ہر 909 میں سے ایک بچہ ہی ایک ماہ سے کم عمر میں موت کے منہ میں جاتا ہے۔ غریب ممالک میں ماؤں کو چاہیے کہ وہ کچھ بنیادی اقدامات خود بھی کریں کیونکہ یہ بھی شرحِ اموات میں کمی لانے میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ترقی پذیر ممالک میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق ماں کی تعلیم کا بچوں کو پولیو، خناق، تشنج، کالی کھانسی، خسرہ اور ٹی بی جیسے قابل انسداد امراض سے بچاؤ کے لیے ٹیکے لگائے جانے کے ساتھ مضبوط تعلق پایا گیا۔ تاریخی طور پر لگائے جانے والے تخمینوں کے مطابق پانچ برس سے کم عمر کے بچوں کی ایک چوتھائی اموات موجودہ دور میں دستیاب ویکسین کی مدد سے روکی جا سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں