150

آزادکشمیرحکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں،ٹیکس دہندگان کوفائلرتسلیم کرلیا

مظفرآباد( www.dailyajknews.com) آزاد جموں وکشمیر حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے ٹیکس دہندگان کو فائلر تسلیم کر لیا ۔ اس طرح پاکستان میں ٹیکس دہندگان اور آزادکشمیر میں ٹیکس دہندگان کے درمیان پایا جانے والافرق ختم ہوگیا اور یہاں کے ٹیکس دہندگان کو اب روزانہ ٹیکسوں کی چھوٹ کی مدمیں کروڑوں کا فائدہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم راجہ محمد فارو ق حیدرخان وزیر کھیل ثقافت و امور منگلا ڈیم چوہدری محمد سعید کی کوششوں سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آزادکشمیر میں ٹیکس دہندگان کو فائلر تسلیم کر لیا اس طرح اب رقم کی منتقلی، گاڑیوں کی رجسٹریشن وخریداری اور پراپرٹیز کی خرید و فروخت میں ٹیکس دہندگان کو روزانہ کروڑوں کا فائدہ ہوگا اور ان کی کاروباری مشکلات بھی حل ہونگی ۔ آزادکشمیر کے وزیر کھیل ثقافت و امور منگلا ڈیم چوہدری محمد سعید نے بتایا کہ گزشتہ کئی سالوں سے آزادکشمیر کا کاروبار ی طبقہ پاکستان میں ہونے والی بزنس ٹرانزیکشنز (کاروباری رقوم کی منتقلی) میں نان فائلر تصور کیا جاتا تھا ۔ اس مسئلہ کے حل کیلئے حکومت آزادکشمیر جب سے اقتدار میں آئی ہے مسلسل کوشاں رہی ہے ۔ چونکہ آزادکشمیر میں بھی وہی ٹیکس لاگوتھے جو پاکستان میں تھے لیکن ایف بی آر انہیں ٹیکس دہندہ تسلیم نہیں کرتا تھا جس کے باعث و انتہائی مالی مشکل کا شکار تھے اور دوگنا ٹیکس دینے پر مجبور تھے ۔ بعدازاں جب پاکستان میں قومی بجٹ2018-19میں تجویز کیا گیا کہ گاڑیاں اور جائیداد یں صرف وہی لوگ خرید سکیں گے جو پاکستان کے اندر ٹیکس دہندگان ( فائلر) ہونگے تو اس سے ایک بڑی تفاوت پید ا ہو گئی اور آزادکشمیر میں ٹیکس دہندگان پاکستان کے اندر رعائتیں حاصل کرنے والے ٹیکس دہندگان کی فہرست سے باہر ہونے لگے اور ان کیلئے گاڑیوں اور جائیدادوں کی خرید و فروخت ناممکن ہو گئی تو وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی حکومت نے اس معاملہ کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے رفقاء کے ساتھ اٹھایا جس کے نتیجے میں اس وقت کی حکومت نے فنانس بل میں نئی شق سیکشن2(23A)شامل کی لیکن اس کے باوجود آزادکشمیر میں مختلف کمپنیوں اور کاروباری اداروں کی جانب سے آزادکشمیر کے ٹیکس دہندگان کو رقوم کی منتقلی میں مشکلات پیش آرہی تھیں کیونکہ جو آزادکشمیر کے کاروباری ادارے ایف بی آر کی متحرک ٹیکس دہندگان(Active Taxpayers List)فہرست میں موجود نہ تھے ۔ اب ایف بی آر آزادکشمیر کے ٹیکس دہندگان کو ’’ایکٹیو ٹیکس پیئرز‘‘ (متحرک ٹیکس دہندگان) کو تسلیم کرتے ہوئے آزادکشمیر حکومت کی جانب سے ٹیکس دہندگان کی جاری ہونے والی فہرست کو مان لیا ہے جس سے آزادکشمیر کے ٹیکس دہندگان بھی پاکستانی ٹیکس دہندگان کی طرح مراعات کے مستحق ہو نگے ۔ حکومت آزادکشمیر کی اس بڑی کامیابی اور کاروباری طبقے کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے پر ریاست بھر کے کاروباری و تجارتی طبقے نے راجہ محمد فاروق حیدرخان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں