جس کسی نے تیرہویں ترمیم کا مسودہ ترتیب دیا وہ بھارتی ایجنٹ ہے شنید ہے کہ احتساب بیورو آف پاکستان مظفر آباد میں دفتر قائم کر رہا ہے ایکٹ 74 اصل حالت میں بحال کیا جائے،سردارعتیق احمدخان

کوٹلی (www.dailyajknews.com) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر ، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ تیرہویں ترمیم نواز موودی گٹھ جوڑ کا نتیجہ اور کشمیریوں کے خلاف بدترین سازش ہے ۔ داخلی خود مختاری کی جانب جدو جہد کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا گیا ۔ اصل ایکٹ 74 بحال کیا جائے اور تمام ترامیم واپس لی جائیں ۔پاکستان کی لیڈر شپ میں عمران خان شفاف ترین لیڈر ہیں ۔ عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ جیت چکے الیکشن بھی وہی جیتیں گے ۔ بیرسٹر سلطان ہمارے حلیف اور بہترین کشمیری لیڈر ہیں انھیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ اسمبلی فلور پر اپوزیشن کا کردار مسلم کانفرنس ادا کر رہی ہے ۔ ججوں کی تقرری اور سردار ابراہیم خان کے معاملے میں غلط فیصلے کئے جا رہے ہیں ۔ عدلیہ اگر درست فیصلے نہیں کرے گی تو پھر پی سی او ججوں کی طرح فیصلے سڑکوں پر ہونگے ۔ 22 جولائی کو عمران خان کے جلسہ راولپنڈی میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق مشیر راجہ آفتاب اکرم کی جانب سے دئیے گے ناشتہ کی میز پر صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ آئنی ترمیم کا مقصد ایکٹ 74 کی اصل شکل میں بحالی تھا ۔ اس کے ہم نے اپنے دور میں جب جنرل مشرف کی حکومت تھی ماہرین کی مشاورت سے مسودہ تیار کیا تھا ۔ اگر وہ مسودہ منظور ہوجاتا تو ہم داخلی خود مختاری کی جانب آگے بڑھتے لیکن منظوری سے قبل ہی ہماری حکومت ختم کر دی گئی ۔ پیپلز پارٹی کے دور میں ایک مرتبہ پھر آئینی کمیٹی بنی جس میں آزاد کشمیر کی تمام پارلیمانی اور غیر پارلیمانی جماعتوں اور با ر کونسل سے مشاورت کے بعد تجاویز مرتب کیں ۔ لیکن موجودہ حکومت نے مسودہ جات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے مسودہ تیار کیا جس کی منظوری وفاقی حکومت نے چوروں کی طرح چھپ کر اپنی آئنی مدت کے اختتام پر آخری لمحات میں دی ۔ منظور شدہ مسودے میں آزاد حکومت نے ایک بار پھر ٹمپرنگ کی ۔ منظور شدہ اور ٹمپر شدہ دونوں مسودے موجود ہیں ۔ اس ترمیم پر سب سے پہلے ہم نے آواز اٹھائی اور قوم کو بتا دیا تھا کہ یہ مسودہ ریاستی تشخص کے خلاف اور صوبے کی جانب قدم ہے ۔ جسٹس ریٹائیرڈ عبدالمجید ملک جیسے قانون دان نے تفصیل سے اس مسودے پر بات کی اس کے مضمرات سے آگاہ کیا۔ اس ترمیم سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچے گا ۔ ریاست کو تقسیم کرنے اور صوبے بنانے کی جانب پیشرفت کر دی گئی ہے ۔ریاستی تشخص تباہ کر دیا گیا ہے ۔ ہماری قیادت نے طویل جدو جہد کے بعد وزارت امور کشمیر سے جان چھڑاکر کشمیر کونسل جیسا آئینی ادارہ بنوایا۔ ہم جوائنٹ سیکریٹری جو وائسرائے سے کم نہ تھا کے اختیار سے نکل کر براہ راست وزیر اعظم پاکستان کی چےئرمین شپ میں آگئے تھے ۔ کشمیر کونسل اپر ہاؤس تھا ۔ پاکستان کے اداروں کا آزاد کشمیر میں براہ راست مداخلت کا اختیار ختم ہو گیا تھا ۔ اب حالت یہ ہے کہ کشمیریوں کو نان فائلر قرار دے کر پاکستان میں جائیداد اور گاڑیاں خریدنے سے روک دیا گیا ہے۔ ٹیکس کے معاملے میں پہلے کوئی پوچھنے والا نہ تھا ۔ اب براہ راست ایف بی آر ایکشن لیا کرے گا ۔ آزاد کشمیر کے شہریوں پر نئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے ۔ شنید ہے کہ احتساب بیورو آف پاکستان مظفر آباد میں دفتر قائم کر رہا ہے ۔مسلم لیگ کی حکومت کشمیریوں کے لئے عذاب ثابت ہوئی ہے ۔ جس کسی نے تیرہویں ترمیم کا مسودہ ترتیب دیا وہ بھارتی ایجنٹ ہے ۔ کشمیر اور پاکستان دونوں سے دشمنی کی ہے ۔ تمام ترمیمیں ختم کی جائیں ۔ اورایکٹ 74 اصل حالت میں بحال کیا جائے ۔ کشمیر کونسل کا آئینی کردار بحال ہونا چاہیے ۔ مالیاتی اور انتظامی اختیار آزاد حکومت کے پاس رہنے چاہییں ۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو رائلٹی دی جائے ۔ ہمیں داخلی خود مختاری کی جانب جانا چاہیے تھا مگر اقتدار کی خاطر ہمیں پچاس سال پیچھے دھکیل دیا گیا ہے ۔ ہم اس ترمیم کا سیاسی سطح پر اور عدالتی سطح پر مقابلہ کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ججوں کی تقرری اور سردار ابراہیم کے بارے فیصلے غلط ہیں ۔ ہم انھیں سیاسی اور عوامی ایشو نہیں بنا نا چاہتے ۔اگرعدلیہ درست فیصلے نہیں کرتی تو پی سی اوججوں کی طرح یہ فیصلے بھی سڑکوں پر ہوں گے ۔انھوں نے بتایا کہ مسلم کانفرنس نے بحثیت جماعت پاکستان تحریک انصاف اور شیخ رشید کی حمائت اور نون لیگ کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے ۔ عمران خان سے ملاقات میں پاکستان کی سیاست زیر بحث آئی ۔ بیرسٹر سلطان اہم ترین کشمیری لیڈر ہیں انھیں کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ جیپ کا انتخابی نشان رکھنے والوں کے لئے دعا گو ہیں ۔ مہاجرین مقیم پاکستان کے ووٹ پی ٹی آئی اور شیخ رشید کو دلوائیں گے ۔ پی ٹی آئی ایک سو سے زائد سیٹیں لے گی ۔ باقی کوئی بھی جماعت چالیس سے زائد سیٹیں نہیں لے سکتی ۔ حکومت شائد مخلوط ہو مگر پی ٹی آئی بنائے گی ۔ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں رٹ قائم کر کے اور سمندری حدود میں اضافہ کر کے اہم کامیابیا ں حاصل کی ہیں ۔ پاکستان روس چائینہ اور ایران کے ملٹری آفیشلز کا اجلاس اہم دفاعی کا میابی ہے ۔ دہشت گردی ، اقتصادی بحران اور قرضہ جات کے باوجود پاکستان کا مستقبل شاندار ہو گا۔22 جولائی کے راولپنڈی جلسہ میں آزاد کشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان سے کشمیری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔ تقریب میں سینئیر رکن اسمبلی ملک محمد نواز خان ، سابق مشیر راجہ آفتاب اکرم ایڈووکیٹ ،ضلعی صدرراجہ خلیق نوابی ، ملک زراعت ایڈووکیٹ ، راجہ منصور آفتاب ، چےئرمین ملک فیض احمد ، شبیر مغل ایڈوکیٹ ، میاں محمد اکرم ، ملک یعقوب خان ، الیاس بٹ ایڈوکیٹ ، پہلوان ذولفقار جنجوعہ ، ملک شاہنواز ایڈووکیٹ ، عدیل مرز ا ، حسن راجہ ، شائق کیانی ، ملک حبیب خان ، حافظ اورنگزیب ملک ، اعجاز مغل ، عامر مرزا ، راجہ عثمان الحق ، آصف قادری ،خان لیاقت خان ، اعجاز قادری ، ملک کبیر احمد ، آصف قادری ، مرزا عاطف اکرام سمیت بڑی تعداد میں کارکن موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں